پاکستانی اپوزیشن کا بھارتی گیدڑ بھبھکی پر سخت ردعمل

فوٹو: فائل


اسلام آباد: بھارتی آرمی چیف کی دھمکی پر پاکستان کی حزب مخالف کے رہنماؤں  نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے خبردار کیا کہ انڈیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

اپوزیشن لیڈر اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف  کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سبق سکھانے کی بات کرنے والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، جارحیت مسلط کی گئی تو پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہو گی۔


شہباز شریف نے مزید کہا کہ بھارت کواندرونی مسائل کا سامنا ہے،مودی سرکار اپنی پریشانی ہم پر مسلط کرنےکی کوشش نہ کرے۔

لیگی رہنما آصف کرمانی نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، بھارت کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار نے بپن راوت کے بیان کو غیر سنجیدہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیان جارحانہ عزائم کا ترجمان ہے۔ فاروق ستار نے خبر دار کیا کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ہندوستان کے مقابلہ میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے، دھمکیاں سوچ سمجھ کر دیں، جنگ ہوئی تو کسی کو پچھتانے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔ عالمی ادارے شرانگیز بیان کا نوٹس لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر ہندوستان نے غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، ہر طرح کی ریاستی دہشت گردی اور معصوم بچوں، جوانوں کے قتل عام کے باوجود حریت پسند کشمیری قوم کو جھکایا نہیں جا سکا۔ آزادی کشمیر کا مقدر ہے، ہندوستان کو ایک دن قبضہ چھوڑنا پڑے گا۔

پیپلز پارٹی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ مودی سرکار اپنے اندرونی بحران چھپانے کے لیے کمزور جواز پیش کر رہی ہے۔

اپنے ٹوئیٹر پیغام میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق یواین رپورٹ پرگھبرائی ہوئی ہے، بھارت رافیل طیاروں کے معاہدے سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے بھی بپن راوت کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔


متعلقہ خبریں