پنجاب اور کے پی کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان


اسلام آباد: پنجاب کے مختلف علاقوں اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ہفتہ کے روز بھی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن، کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، اسلام آباد، ساہیوال اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جو پیر تک جاری رہے گی۔

لاہور میں گزشتہ رات سے ہی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے جب کہ نارووال میں آٹھ گھنٹے جاری رہنے والی موسلا دھار بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے۔ علاقہ میں بارش کی مقدار کو دیکھ کر خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ چاول کی تیار فصل خراب ہو سکتی ہے۔

فیصل آباد میں بھی گزشتہ رات سے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جب کہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔ دو روز قبل بھی فیصل آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی تھی۔

گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) کے مختلف علاقوں اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش ہوئی۔

حالیہ بارشوں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

جہلم کے ڈپٹی کشمنر آفس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر اسسٹنٹ کشمنر سمیت تمام اداروں کے سربراہوں، افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاراچنار 25 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 21 ملی میٹر، گجرات 18 ملی میٹر، پشاور 16 ملی میٹر، رسالپور 15 ملی میٹر، مندی بہاؤ الدین 13 ملی میٹر، لوئر دیر آٹھ ملی میٹر، کالام پانچ ملی میٹر، دیر اور جہلم دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی لسبیلہ، تربت 43 ڈگری سینٹی گریڈ، شہید بے نظیر آباد اور مٹھی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں