رافیل طیاروں کا اسکینڈل مودی کے گلے کی ہڈی بن گیا


نئی دہلی: فرانس سے رافیل طیاروں کا سودا لگتا ہے مودی حکومت کے گلے کی ہڈی بن گیا ہے، اس ہڈی کو نگلنے یا اگلنے کے لیے مودی سرکار پاکستان کو گیدڑ بھبکیاں دینے لگی ہے۔

معاملہ سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ مودی سرکار رافیل طیاروں کے سودے کی ہڈی کو اتنی آسانی سے نہ نگل سکے گی اور نہ ہی اگل سکے گی۔

رافیل طیاروں کے معاہدے پر بھارت میں تہلکہ مچا ہوا ہے۔ ‘میرا وزیر اعظم چور ہے’ بھارت میں سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مودی امبانی گٹھ جوڑ کو بھارتی فوج پر سرجیکل اسٹرائیک قرار دے دیا ہے۔

فرانس کے سابق صدر فرانسسو اولاندے کے انٹرویو نے بھارتی سیاست میں تہلکہ مچا دیا۔ فرانسسو اولاندے کا کہنا تھا کہ رافیل طیاروں کی فروخت میں نریندر مودی نے ارب پتی انیل امبانی کی کمپنی کو معاہدہ دینے کے لیے دباؤ ڈالا۔  نریندر مودی پر آٹھ ارب ڈالر سے زائد کا فائدہ ذاتی دوست کو دینے کا الزام ہے۔

مودی سرکار نے 2016ء میں فرانس سے 36 لڑاکا رافیل طیارے خریدنے کا معاہدے کیا تھا جس کی مالیت آٹھ اعشاریہ سات ارب ڈالر تھی۔ اس معاہدے میں فرانسیسی کمپنی کی جانب سے بھارتی کمپنی کے ساتھ مل کر بھارت میں طیارے کے پرزے بنانے کا کارخانہ لگانے کی شق بھی شامل تھی۔

حال ہی میں فرانسسو اولاندے نے انکشاف کیا کہ مودی نے رافیل طیاروں کی ڈیل اپنے ذاتی دوست کی کمپنی کو دینے کے لیے دباؤ ڈالا۔ اس انٹرویو نے  بھارتی سیاست میں بھونچال برپا کیا۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد کانگرس رہنما راہول گاندھی نے نریندر مودی کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے بھی نریندر مودی پر شدید تنقید کی۔ ‘میرا وزیراعظم چور ہے’ بھارت میں ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، بھارتی شہریوں نے بازؤوں پر میرا وزیراعظم چور ہے لکھ کر تصویریں سوشل میڈیا پر شائع کیں۔

بھارتی اپوزیشن رہنماؤں نے نریندر مودی سے کرپشن پر جواب کا مطالبہ کیا ہے، بھارت میں شہریوں نے نریندر مودی کے استعفیٰ کے لیے احتجاج بھی شروع کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں