15 اکتوبر سے انسداد خسرہ مہم کا آغاز


اسلام آباد: ملک بھر میں 15 اکتوبر سے 12 روزہ انسداد خسرہ مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں نو ماہ سے پانچ برس تک کے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے حفاطتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

سندھ میں انسداد خسرہ مہم کے سلسلہ میں سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری اور ممبر صوبائی اسمبلی ہیرسوہو نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ بچے ہماری قوم کا روشن مستقبل ہیں اس لیے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس قسم کے موذی امراض سے ان کی حفاظت کریں۔

ریحانہ لغاری نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت جاری کی کہ انسداد خسرہ مہم سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے کیبل ٹی وی اور ریڈیو ایف ایم کی مدد لی جائے تاکہ عوام کو اس مرض کی سنگینی کا اندازہ ہو سکے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر حسین عمرانی کا کہنا تھا کہ خسرہ کی وجہ سے اس سال 84 بچے وفات پا چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انسداد خسرہ مہم میں ملک بھر کے تین کروڑ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے حفاطتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

انسداد خسرہ مہم کا انعقاد حکومت پاکستان عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے اشتراک سے کرے گی۔


متعلقہ خبریں