پرویز اشرف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق پولیس اہلکار کی نماز جنازہ


اسلام آباد: سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سرکاری گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں پولیس اہلکار کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا تھا۔

جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کے ورثاء نے چیف جسٹس اور وزیراعظم سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

ہم نیوز کے مطابق واقعہ کے بعد ذیشان عباسی کی میت کو آبائی علاقے مری جھیکا گلی منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد ورثاء نے انصاف نہ ملنے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی بھی دی تھی۔

گزشتہ روز اسلام آباد زیرو پوائنٹ چوک کے قریب سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سرکاری گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار پنجاب پولیس کا اہلکار زیشان عباسی موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا، مقتول کی ہلاکت کا مقدمہ اس کے بھائی مہران عباسی کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا ہے۔

دفعہ 320، 427 اور 279 کے تحت کاٹی گئی ایف آئی آر کے مطابق سابق وزیراعظم کا ڈرائیور عابد نواز غفلت اور تیز رفتاری سے گاڑی  چلا رہا تھا، ٹکر سے ذیشان عباسی موقع پر ہی جان بحق ہو گیا۔

ٹریفک پولیس نے بھی راجہ پرویز اشرف کے ڈرائیور کو قصور وار قرار دیتے ہوئے جائے حادثہ کا نقشہ تھانہ آبپارہ کے حوالے کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سرکاری گاڑی نمبر جی یو – 027 تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر کانسٹیبل ذیشان کو کچل گئی تھی۔


متعلقہ خبریں