پریڈ پر حملہ کرنے والےگروپ کی مدد خلیجی ریاستوں نے کی، روحانی

ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی امریکہ روانگی

تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے ایران کی ملٹری پریڈ پر جس گروپ نے حملہ کیا اُس کی مالی مدد خلیجی ریاستوں نے کی۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران میں عدم تحفظ پیدا کرنا چاہتا ہے لیکن کامیاب نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ عرب ریاستوں کو مالی اور عسکری امداد فراہم کررہا ہے۔

ایرانی صدر نے امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران میں حکومت مخالف تنظیموں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

ہفتہ کو ایران کے صوبے اہواز میں فوجی پریڈ کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں 25 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ ہفتہ کے روز فوجی پریڈ کے دوران مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں چار سے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ 

ہفتے کو ایران کے مختلف شہروں میں عراق کے ساتھ جنگ کی 38 ویں سالگرہ منائی جا رہی تھی جس کے سلسلے میں متعدد تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مذکورہ فوجی پریڈ بھی اسی سلسلے میں منعقد کی جارہی تھی۔

برطانیہ، ہالینڈ اور ڈنمارک کے سفیر طلب

ایران نے فوجی پریڈ پر حملے کے بعد برطانیہ، ہالینڈ اور ڈنمارک کے سفیروں کو طلب کر کے انہیں کہا ہے کہ جس گروپ نے پریڈ پر حملہ کیا اُن کی پناہ گاہیں ان تینوں یورپی ممالک میں۔


متعلقہ خبریں