شمالی وزیرستان میں شہید اہلکاروں کی آبائی علاقوں میں تدفین



مری: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سات فوجی اہلکاروں کی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کردی گئی ہے۔

شہید کیپٹن جنید کی پورے فوجی اعزازکے ساتھ سہربگلہ مری میں دفن کیا گیا۔ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کوسلامی پیش کی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ کی جانب شہید کی قبر پر پھولوں کی چادرچڑھائی گئی۔

آرٹلری کمانڈر بریگیڈیئرعدنان اور میجرجنرل عامراحسن نواز نے بھی شہید کیپٹن جنید کی قبرپرپھول چڑھائے۔

شہید کیپٹن جنید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے نیو مری میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں میجر جنرل عامر احسن نواز، اسٹنٹ کمیشنر مری عدنان آفریدی، ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

قبل ازیں جی ایچ کیو میں سات شہید فوجی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ان کے جسد خاکی آبائی علاقوں میں روانہ کیے گئے تھے۔

 گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے سات فوجی اہلکاروں میں سے پانچ کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا جن کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں بھی ادا کردی گئی ہے۔

شہید اہلکاروں میں سے ایک کی نمازجنازہ چلاس میں ادا کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں میجرجنرل ثاقب محمودملک اور وزیراعلیٰ گلگت حافظ حفیظ الرحمٰن سمیت دیگر سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔

شہید حوالدار عبدالرزاق کا تعلق ضلع استور، حوالدار امیر کا ضلع گلگت، حوالدر عبدالناصر کا تعلق دیامر، سپاہی سمیع اللہ کا تعلق ضلع ہنزہ اور سپاہی انور جان کا تعلق بھی گلگت بلتستان سے ہے۔

شہید ہونے والی فوجی اہلکاروں میں کیپٹن جنید کا تعلق مری سے ہے جو غیر شادی شدہ ہیں جب کہ حوالدار عبدالرزاق کا تعلق استور سے ہے جنہوں نے اہلیہ اور پانچ بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے سات اہلکار شہید ہوئے تھے جن کی نماز جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت فوجی افسران، شہداء کے اہل خانہ اور جوانوں نے بھی شرکت کی۔

شہید حوالدار امیر کا آبائی تعلق گلگت سے ہے اور انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے جب کہ شہید حوالدار نصیر کا تعلق دیامیر چلاس سے ہے اور ان کے سوگواران میں والدہ اور اہلیہ شامل ہیں۔

حوالدار آصف کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے ہے، اُن کے سوگواروں میں والدین، اہلیہ، سات بہنیں اور ایک بھائی شامل ہیں جب کہ شہید ہونے والے سپاہی سمیع اللہ کا تعلق ہنزہ، گلگت بلتستان سے ہے۔

پاک فوج کی جاری کردہ تفصیل کے مطابق شہید سپاہی انور جان کا آبائی تعلق بھی گلگت بلتستان سے ہے۔


متعلقہ خبریں