پاکستان کو ہرا کر بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا


دبئی: متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ 2018 کے سپر 4 مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

اتوار کے روز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے 238 رنز کا ٹارگٹ 40ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

شکھر دھون نے 114 رنز کی یادگار اننگ کھیلی جبکہ کپتان روہت شرما بھی ۔۔۔ رنز بنا کر نمایا رہے۔ بھارت کی پہلی اور اکلوتی وکٹ 34ویں اوور میں 210 رنز پر گری جب شکھر دھون رن آّوٹ ہوئے۔ دھون کے بعد شرما نے ان کا مشن جاری رکھا اور پاکستانی باولرز کی جم کر پٹائی کرتے رہے، انہوں نے اپنے کریئر کی 19ویں سنچری 105 گیندوں پر مکمل کی۔

انہوں شاندار بیٹنگ کے دوران دو بہت اہم سنگ میل سر کرتے ہوئے ایک روزہ کرکٹ  میں 300 چھکے لگانے والے بلے بازوں میں اپنا نام شامل کیا اور کریئر کے 7000 رنز بھی مکمل کیے۔

پاکستانی ٹیم بیٹنگ کے بعد باولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں بھی ناکام رہی، قومی کھلاڑی کیچ پکڑ سکے نہ ہی اچھی بالنگ کا مظاہرہ کر سکے۔ اب ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو اگلا میچ  نا صرف جیتنا ہو گا بلکہ رن اوسط بھی بہتر رکھنی ہو گی۔ 

پہلی اننگ

کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان نے بھارت کو 238 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

 کھیل کے آغاز میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کے اوپنرز نے ٹیم کو ایک محتاط آغاز فراہم کیا اور ٹیم نے 7 اوور کے اختتام پر 21 رنز بنائے تھے، تاہم 8ویں اوور میں امام الحق 10 رنز بنا کر یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

ٹیم کو پریشر سے نکالنے کے لیے فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا تو وہ کسی حد تک اپنے مقصد میں کاپیاب بھی ہوئے، لیکن 14ویں اوور میں 55 رنز کے مجموعے پر امپائر کے ایک غلط فیصلے کا شکار ہو کر اپنی وکٹ گںوا بیٹھے، ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ اگلے ہی اوور میں بابر اعظم رن آوٹ ہوگئے۔

پاکستان کی ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی، ایسے میں شعیب ملک اور سرفراز احمد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بناکر ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔  سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 139 تھا۔

اگلے آنے والے بلے باز آصف علی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور بھووینیشور کمار کے ایک ہی اوور میں 20 رنز لیے۔

ایسے میں جب ٹیم ایک بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن تھی تو شعیب ملک 78 رنز بنا کر جسپریت بھومرہ کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ آصف علی بھی جلد ہی اپنے 30 رنز کے ساتھ پولین لوٹ گئے تو پاکستان کا اسکور 45ویں اوور میں 211/6 تھا۔

آخری پانچ اوور میں بھارتی باولرز نے سمجھداری سے باولنگ کی اور پاکستانی ٹیل اینڈرز کو بڑے شاٹس لگانے سے باز رکھا۔ آخری 30 گیندوں پر پاکستانی بلے باز 26 رنز بنا سکے اور  اس طرح مقررہ 50 اوور کے اختتام پر 237/7 رنز بنا سکے۔ 

سپر فور اسٹیج میں آج دوسرا میچ افغانستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں