سندھ میں پولیو مہم کا کل سے آغاز ہوگا


کراچی: سندھ  میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز کل سے ہو گا۔ وزیر صحت عذرا افضل پیچوہو کل پولیو مہم کا بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر باقاعدہ آغاز کریں گی۔ 

ہم نیوز نے ترجمان صوبائی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ پیر کی صبح سہراب گوٹھ کے اسپتال سے پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ 

24 ستمبر سے شروع ہونے والی مہم کے دوران پورے صوبے میں 87 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انسداد پولیو مہم کے دوران شہر قائد میں 24 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور 12 ہزار سے زائد رضاکار مہم میں اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ 

پولیو مہم میں پانچ  ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق 2017 میں سندھ بھر سے پولیو کے آٹھ مختلف کیسز سامنے آئے تھے اور شہر قائد میں پولیو کے دو کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

صوبائی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ابھی تک سندھ میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ 


متعلقہ خبریں