مودی خطے کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے،چودھری منظور


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکریٹری جنرل چودھری منظور نے کہا ہے کہ مودی خود کو بچانے کے لیے خطے کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ حکومت پاکستان کو مودی یا بھارتی فوج کے احمقانہ بیانات پر محتاط ردعمل دینا چاہیے۔

گزشتہ روز جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت پاکستان نے مودی کو اس کی ہی زبان میں جواب دیا تو یہ غیردانستہ طور پر اس کی مدد ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ گجرات کا قاتل مودی طیارہ اسکینڈل سے بچنے کے لیے جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں طیارہ اسکینڈل نے وزیراعظم مودی کو ایسے گھیر لیا ہے جیسے نواز شریف پانامہ میں پھنسے تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے طیارہ گھوٹالے میں وزیراعظم مودی کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ 

چودھری منظور نے کہا کہ مودی طیارہ اسکینڈل سے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف جنگی جنون کو ابھار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے خلاف طیارہ اسکینڈل کا بھانڈہ فرانسیسی صدر ایمانیول ماکرون  نے پھوڑا ہے جس سے وہ بچ نہیں سکتا ہے۔

پی پی پی پنجاب کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مودی گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کے حالات کے بعد اب ایک بار پھر طیارہ اسکینڈل میں بدترین دبائو میں آیا ہے اوریہی وجہ ہے کہ مودی حکومت جارحانہ خارجہ پالیسی اختیار کر کے داخلی حالات کو اپنے حق میں کرنے کی خواہش مند ہے۔


متعلقہ خبریں