سرکاری ملازمین پر سیاسی دباؤ نہیں ہوگا،وزیراعظم


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو ایمانداری اورپیشہ ورانہ طریقے سے کام کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہوگا کہ وہ غلط کام کریں۔

سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے بھارتی قیادت کا تکبر ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کوسمجھنا چاہیے کہ تعلقات بہتر ہونے سے دونوں ممالک میں غربت کم ہو سکتی ہے لیکن اگر دھمکیاں دیں گے تو ہم مقابلہ کرنے کے لیے آخر تک کھڑے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نئی سوچ کا نام نیا پاکستان ہے، ہم نے نو آبادیاتی نظام سے نکلنا تھا لیکن نہیں نکل سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم آزاد ہوئے تو ہم نے سادگی اپنانے اورعوام کا پیسہ بچانے کی کوشش نہیں کی بلکہ  ہمارے سیاست دانوں نے انگریزوں کی طرح پر تعیش طرز زندگی کو اپنایا اور ہماری انتظامیہ نے بھی لوگوں کے ساتھ انگریزوں والا سلوک کیا۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ تھانوں کو چاہیے کہ عوام کے ساتھ تعاون کریں اورلوگوں کا ساتھ دیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے بھی کہا کہ ذمہ داری لیں اورغریبوں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عام اور غریب آدمی کو امیروں و بدمعاشوں سے بچانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نیا نظام لائیں گے کیونکہ ہمارا مقصد ہے کہ عام آدمی کو انصاف ملے۔ پولیس افسران کو مخابط کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس پی پولیس کو چاہیے کہ تھانوں کی باقاعدہ نگرانی کریں تاکہ غریبوں کو ریلیف ملے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں کمزورکی حفاظت نہیں کی جاتی وہاں اللہ کی برکت نہیں آتی۔

وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ ہم سعودی عرب میں انوسٹمنٹ لینے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس لیے پیسہ نہیں آتا کہ یہاں کرپشن اور رشوت بہت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے ملک کا نظام ٹھیک ہوگیا تو یہ دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے سامنے سنگا پور نے ترقی کی کیوں کہ حکومتی نظام ٹھیک تھا تو ہم بھی اپنا نظام ٹھیک کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین پیشہ ورانہ طریقے سے کام کریں، آپ پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ڈالا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہمیں مضبوط کریں ہم آپ کو مضبوط کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری تنخواہوں کا نظام بھی وقت کے ساتھ بہتر نہیں ہوا لہذا اسے بھی ٹھیک کریں گے اور آپ کو وہ تنخواہیں ملیں گی جس کے آپ حقدار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ہم نے اپنی پارٹی کو بتادیا ہے کہ  وہ براہ راست کسی کام ملوث نہیں ہو گی اور سارے کام چین آف کمانڈ کے ذریعے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں