بنگلہ دیش سے شکست، افغانستان ایشیا کپ سے باہر

ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے افغانستان کو شکست دے دی


ابو ظہبی: ایشیا کپ کے ایک اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش نے افغانستان کو 3 رنز سے شکست دے کر سپر4 مرحلے کی پہلی فتح اپنے نام کرلی ہے۔ 

بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 250 رنز کے ہدف کے تعقب میں افغانستان  ٹیم مقررہ اوورز میں 246 رنز ہی بنا سکی۔ حشمت اللہ شہیدی 71 جبکہ محمد شہزاد 51 رنز بنا کر نمایا رہے۔ اس کے علاوہ کپتان اصغر افغان نے 39 اور محمد نبی نے 38 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔

افغانستان کو آخری اوور میں آٹھ رن درکار تھے، مستفیظ الرحیم نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے اوور میں صرف 4 رنز دے کر اپنی ٹیم کو ایک اہم فتح سے ہمکنار کیا۔

سپر 4 مرحلے کے دونوں میچ ہارنے کے بعد افغانستان کے فائنل کھیلنے کے چانسز تقریبا ختم ہوگئے ہیں، البتہ بنگلہ دیش کے سامنے انڈیا اور پاکستان کے دو اہم میچ باقی ہیں۔

پہلی اننگ

ایشیا کپ 2018میں سپر 4 مرحلے کے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو جیت کے لیے 250  رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ 

بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو افغان باولرز کے سامنے ٹاپ آرڈر ناکام ہوگیا اور صرف 85 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

اس موقع پر  محموداللہ اور امرالقیس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگالی بیٹنگ لائن کو سہارا ملا۔  دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 128 رنز کی پارٹنرشپ کی بدولت ٹیم کا اسکور 47ویں اوور میں 215 تک پہنچ گیا۔  آوٹ ہونے والے بلے باز محموداللہ تھے، انہوں نے 74 رنز بنائے۔

امرالقیس کی زبردست بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنا ئے، قیس 72 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ 

اس کے علاوہ لتن داس 41 اور مشفق الرحیم 33 رنز بنا کر نمایا رہے جبکہ کپتان شکیب الحسن بنا کھاتا کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

افغانستان کی جانب سے فاسٹ باولر آفتاب عالم نے 3 جبکہ مجیب الرحمان اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 

ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کی امید زندہ رکھنے کے لیے دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔ 


متعلقہ خبریں