پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 315 پوائنٹس کی کمی


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں کاروباری ہفتہ کے پہلے دن مندی کا رجحان  رہا اور  کے ایس ای 100 انڈیکس 315  پوائنٹس کمی  کے ساتھ 41004 کی سطح پر بند ہوا۔

ییر کے روز بازار حصص میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا، شروع ہی میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 87 پوائنٹس کا ضا فہ ہوا اور انڈیکس 41407 تک پہنچا۔ صبح کے سیشن کے دوران ایک وقت میں انڈیکس 213  پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 41533 کی سطح تک گیا ۔ لیکن اس کے بعد  مندی کے رجحان نے مارکیٹ کو اپنے حصار میں لے لیا۔

کاروبار کے دوران ایک وقت میں انڈیکس 407  پوائنٹس کمی کے ساتھ 40912  پوائنٹس تک گر گیا۔ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 315 پوائنٹس کمی کے ساتھ 41004 کی سطح پر بند ہوا۔

اے کے وائی سیکیورٹیز سے وابستہ معاشی تجزیہ نگار امین یوسف نے ہم نیوزڈاٹ پی کے کو بتایا کہ سرمایہ کار انٹرسٹ ریٹ میں اضافہ کی توقع کر رہے ہیں اس لیے وہ محتاط ہیں اور پوزیشن نہیں لے رہے، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی کا رجحان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مندی کی وجہ سیمنٹ سکیٹر بھی ہے۔       

حصص مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کے حوالے سے ہم نیوز ڈاٹ پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئرمعاشی تجزیہ نگار اور ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد سہیل نے کہا کہ مارکیٹ میں کاروبار کے شروع میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں انویسٹمنٹ کے امکانات کی وجہ سے تھوڑی تیزی دیکھی گئی۔ 

محمد سہیل نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے دس بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی خبر کے بعد سائیڈ لائن پر موجود سرمایہ کاروں نے پوزیشن لینا شروع کی تھی جس کی وجہ سے حصص مارکیٹ میں پہلے سیشن میں تیزی آئی۔

مندی کی وجہ کا ذکر کرتے ہوئے محمد سہیل نے بتایا کہ بعد میں سرمایہ کار حصص آف لوڈ کر نے لگے جس کی وجہ سے مارکیٹ حصص کی فروخت کے دباؤ میں آ گئی۔

گزشتہ ہفتے کاروبار کے آخری روز بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ  میں 80 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد انڈیکس 41320 کی سطح پر بند ہوا تھا۔ 

بدھ کے روز مارکیٹ میں کاروبار کا آغازمثبت ہوا۔ ابتداء میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 82 پوائنٹس تک کا اضافہ دیکھا گیا لیکن مارکیٹ اس مثبت رجحان کو برقرارنہیں رکھ سکی اورمندی کا شکار ہو گئی تھی۔

بدھ کو حصص کی تجارت کے دوران ایک وقت میں مارکیٹ میں 136 پوائنٹس تک کی کمی ہوئی لیکن بعد مارکیٹ نے اس نقصان پر قابو پا لیا اور دوبارہ مثبت زون میں داخل ہو گئی۔

گزشتہ کاروباری ہفتہ کے آخری روز مارکیٹ میں 95 کروڑ 32 لاکھ 980 حصص کا کاروبار ہوا تھا جن کی کل مالیت چار ارب 45 کروڑ سات لاکھ 194 رہی۔


متعلقہ خبریں