ن لیگ کا گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ کی صورت میں عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا ہے۔ غریب آدمی کا چولہا جلنا مشکل ہو گیا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں گیس کی قیمت نہیں بڑھائی تھی۔ گھریلو صارفین کے لئے 147 فیصد گیس مہنگی کر دی گئی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اسقدر اضافہ ظلم اور زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر پڑھے لکھے آدمی ہیں، ان سے عوام دشمن بجٹ کی توقع نہیں تھی۔ گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس پر 57 فیصد قیمت بڑھا دی گئی ہے جس سے آمدات کم ہوں گی اور صنعتوں کو نقصان پہنچے گا۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نےاربوں کی سبسڈی دے کر کسانوں کو سستی کھاد فراہم کی لیکن موجودہ حکومت نے ان کے لیے مشکلات پیدا کر دیں۔ حکومت نے کھاد کے کارخانوں کے لیے گیس کی قیمت بڑھا دی۔

انہوں نے دعوی کیا کہ مسلم لیگ ن نے سستی بجلی کے ہزاروں میگاواٹ کے منصوبے لگائے، اب گیس کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے الف لیلی کی داستانیں سنائیں۔ پروٹوکول نہ لینے اور سادگی کی دھول آنکھوں میں جھونکی گئی۔

شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے طرز حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے پاکستانی قوم کو بڑے بڑے سبز باغ دکھائے۔ پی ٹی آئی نے بہترین ٹیم کا اعلان کیا تھا لیکن آج ذاتی دوستوں کو نوازا جا رہا ہے۔

اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا عظیم منصوبہ ہے۔  اس پر حکومتی حلقوں نے جو باتیں کیں وہ ملک سے دشمنی کے مترادف ہیں۔ چینی وزیرخارجہ کا استقبال ٹھیک طریقے سے نہیں کیا گیا۔


متعلقہ خبریں