سابقہ حکومتوں کی غلطیوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں، فواد چوہدری

سابقہ حکومتوں کی غلطیوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا کام تنقید کرنا ہے اور شہبازشریف وہی کر رہے ہیں۔

پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو اپنا ہم وطن سمجھتے ہیں لیکن شاید اپوزیشن جماعتیں ایسا نہیں سمجھتیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم اورنگ زیب اور ان سے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے سرکاری اداروں میں جو بد اعمالیاں کیں ان کی وجہ سے ہم مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

سلیم بخاری نے کہا کہ شہبازشریف نے قومی اسمبلی میں جو کہا وہ ٹھیک تھا، انہوں نے پی ٹی آئی کو وعدے یاد دلائے، یہ اپوزیشن کا کام ہے۔ حکومت کو تنقید برداشت کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات ہمیشہ حکمران جماعت ہی جیتتی ہے مگر مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ اس مرتبہ تاریخ بدل جائے گی۔

نیب کے سابق پراسیکیوٹر ذوالفقار بھٹہ نے کہا کہ تحقیقات ایجنسیاں اپنی تفتیش چھپاتی ہیں کیونکہ اگر ہر بات عوام کو بتا دی جائے تو تحقیقاتی عمل میں خلل پیدا ہوتا ہے۔

ماہر قانون کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جہانگیر ترین نااہلی کیس میں سابقہ دلائل کو دوبارہ زیر بحث نہیں لایا جائے گا۔ اگر فیصلے میں کوئی غلطی ہوئی تو وہ درست کی جا سکتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ پہلے والے دلائل پر دوبارہ بحث کی جائے۔

دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر(ر) سعد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہونے چاہئیں لیکن بھارت کے آئندہ انتخابات میں مودی پاکستان مخالف ایجنڈے پر الیکشن لڑے گا۔ بھارت کے رویے میں کسی قسم کی نرمی کی توقع نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں