خواتین کی وراثت، شادی و طلاق پر اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس

خواتین کی وراثت، شادی و طلاق پر اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: خواتین کے وراثتی حقوق، کم عمری کی شادی اور طلاق کے طریقہ کار پر اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ اجلاس چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیر صدارت جاری ہے۔

اجلاس میں کونسل کے نئے اراکین سمیت دیگر تمام اراکین شامل ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق 26 اور 27 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں اہم موضوعات پر سفارشات تیار کی جائیں گی۔

اجلاس کے ایجنڈا میں خواتین کے وراثتی حقوق کی ادائیگی یقینی بنانے سے متعلق سفارشات اور کم عمری کی شادیوں کی روک تھام پر غور شامل ہیں۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے تین طلاقیں ایک ساتھ دینے پر سزا کا تعین کرنا بھی شروع کردیا ہے‏۔

کونسل ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لیے بیک وقت تین طلاقوں پرسزا دینے کے لیے ماڈل بل تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے تیار کیے جانے والے ماڈل بل میں بیک وقت تین طلاقوں پر سزا اور جرمانہ تجویز کیا جائے گا۔

ملکی قوانین کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالنے کی غرض سے قائم کردہ ادارہ بل تیار کر کے وفاقی حکومت کو بھجوائے گا جس پر مزید کارروائی حکومت کی جانب سے کی جائے گی۔

کونسل کے چیئرمین اپنے اقوام متحدہ، جکارتہ اور جدہ و مکہ کانفرنسوں میں شرکت کی رپورٹ بھی پیش کریں گے۔


متعلقہ خبریں