انسٹاگرام کے بانیوں کا کمپنی چھوڑنے کا فیصلہ


نیویارک: معروف سوشل میڈیا ایپلیکیشن انسٹاگرام کے بانی مائیک کریگر اور کیون سسڑوم نے کمپنی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
 
انسٹاگرام کے بانی کیون سسٹروم نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی چھوڑنے خبر کی تصدیق کی ہے۔ کمپنی چھوڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ وہ اور مائیک کریگر سوچ رہے ہیں کہ اب کچھ وقت کی رخصت لے لی جائے۔

کیون سسڑوم نے مزید لکھا کہ ہم اب کسی جدید تخلیق کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایک قدم دوبارہ پیچھے جائیں اور اندازہ لگائیں گے ہمیں کیا چیز متاثر کرے گی۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے انسٹا گرام کو 2012 میں  ایک ارب ڈالر میں دونوں بانیوں سے خریدا تھا۔ سوشل میڈیا نیٹ ورک کے حکام کے مطابق یہ اب تک فیس بک کا خریدا گیا سب سے کامیاب پروجیکٹ رہا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق انسٹاگرام کو جب 2012 میں فیس بک نے خریدا تھا تب اس کو استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب تھی جس میں 2012 کے بعد سے مسلسل اضافہ ہی دیکھا گیا ہے۔

بانی انسٹاگرام کیون سسڑوم نے اپنی پوسٹ کے ذریعہ انسٹاگرام سے متعلق اپنے آٹھ سالہ تجربہ پر سب کا  شکریہ ادا کیا جس میں چھ سال فیس بک کے ساتھ کام کے بھی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ایپ کو استعمال کرنے والے ایک ارب لوگوں کے اس پیار پر بہت مسرور اور مطمئن ہیں۔ سسٹروم نے لکھا کہ ’ہم 13 لوگوں سے ہزاروں میں تبدیل ہوئے ہیں اوراس بڑھتی کامیابی نے دنیا بھر میں ہمارا نام بلند کیا، ہر جگہ ہمارے دفاتر بنائے گئے یہ کامیابی ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات تھی۔‘

سوشل میڈیا ایپ کے متعلق چہ میگوئیاں

دونوں بانیوں کے استعفی کے بعد سوشل میڈیا میں ایپلیکیشن کی کارکردگی کے متعلق کئی چہ مگوئیاں بھی سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔

فیس بک کمپنی گزشتہ کچھ عرصہ سے الیکشن کے اصولوں کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ رازداری کے معاملات پر کئی مسائل کا شکار ہے۔ ایسے میں انسٹاگرام کے بانیوں کا استعفی ایپلیکیشن کی افزائش کو متاثر کر سکتا ہے۔

رواں برس وائٹس ایپ  کے بانی جان کوم نے بھی فیس بک کی جانب سے ایپ کی رازداری کے معاملات کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعا ت کے بعد استعفی دے دیا تھا۔


متعلقہ خبریں