امل قتل کیس، مفرور ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد


کراچی: کراچی میں ڈکیتی واردات کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی کمسن بچی امل کے اہلخانہ کو ڈکیتی کا نشانہ بنانے والے مبینہ ملزم خالد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق واقعہ کے روز مقابلے کے بعد فرار ہونے والے ملزم خالد کو دو روز قبل آرٹلری میدان تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔ ہے۔

پولیس کا دعوی ہے کہ ملزم کو ایک کارروائی کے دوران مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ 13 ستمبر کو واردات کے دوران استعمال ہونے والا رکشہ، موبائل فون اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق ملزم نے مزید سات وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے جب کہ ملزم کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے بیان دیا ہے کہ امل کیس کے واقعہ کے روز ڈکیتی کی تین وارداتیں کی تھیں اور ڈکیتی کی وارداتیں رکشے میں ہی کرتے تھے۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا ملزم رکشہ ڈرائیور اور ہجرت کالونی کا رہائشی ہے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے امل کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری پر ایڈیشنل آئی جی کراچی اور اُن کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

گرفتار ہونے والے ملزم خالد کا ساتھی شہزاد 13 ستمبر کو پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا تھا جب کہ ملزم خالد واقعے کے بعد سے روپوش تھا۔

واقعے کا سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا جس کی باقاعدہ سماعت منگل کے روز چیف جسٹس کی سربراہی میں ہوئی۔


متعلقہ خبریں