لیگی حکومت میں مالیاتی خسارہ 5 فیصد بڑھا، فواد



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کی حکومت میں جاری مالیاتی خسارے میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔

فواد چوہدری نے قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے قرضے لے کر آنے والی نسلوں کو مقروض کر دیا ہے۔ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں سے مجموعی خسارہ 7.2 فیصد پر پہنچ چکا ہے۔

منگل کے روز تحریک انصاف حکومت کے پیش کردہ مالیاتی بل سے متعلق بحث کے دوران تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس زر مبادلہ کے ذخائر صرف ڈیڑھ ماہ کے رہ گئے ہیں۔ قرضوں کی وجہ سے امیر، امیر تر اور غریب، غریب تر ہوتا جا رہا ہے، قومی اداروں کی بری حالت ہے اور تنخواہوں اور پنشن دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کی معاشی ابتری کے ذمہ دار سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہیں۔ گزشتہ حکومت نے مہنگے ترین قرضے لے کر صرف کھلونے بنائے ہیں۔ پنجاب میں میٹرو بسیں چلانے کے لیے صوبائی حکومت کو آٹھ ارب روپے چاہئیں جب کہ میٹرو ٹرین چلانے کے لیے ہر سال 20 ارب روپے درکار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اصلاحات لائیں اور سبسڈی صرف غریب کو دیں جب کہ امیر لوگوں کو ہر حال میں ٹیکس دینا پڑے گا۔ 

اپنی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی وزیراعظم نے ایسے اقدامات نہیں کیے جوعمران خان نے کیے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ عمران خان کی تبدیلی کا ایک ایک وعدہ پورہ کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جس سارک کانفرنس کے نام پر 33 گاڑیاں 98 کروڑ روپے میں خریدی گئیں وہ کانفرنس ہی نہیں ہوئی جب کہ ان گاڑیوں کی مرمت کے لیے 35 کروڑ روپے بھی لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے تو بنوں اور تھر میں بھی ایئر پورٹ بنانے کا اعلان کیا۔ وہ ایئرپورٹس بنانے کا اعلان ایسے کیا کرتے تھے جیسے کوئی اسٹریپسل کی گولیاں بانٹ رہا ہو۔

اپوزیشن بینچوں پر موجود ن لیگی ارکان کی جانب اشارہ کیے بغیر انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت اپنی ایک سال کی کاردگی اور ہماری ایک ماہ کی کارکردگی کا موازنہ کر لے۔


متعلقہ خبریں