العزیزیہ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل

العزیزیہ ریفرنس حتمی مرحلے میں|humnews.pk

اسلام آباد: نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ احتساب عدالت میں آج استغاثہ کے اہم ترین گواہ واجد ضیا پر خواجہ حارث نے جرح مکمل کر لی جبکہ استغاثہ کے آخری گواہ اور کیس کے تفتیشی افسر محبوب عالم کو کل طلب کر لیا گیا ہے تاکہ ان کا بیان ریکارڈ کیا جا سکے۔

محبوب عالم کو جمعرات کو تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان تمام مراحل  کے بعد کیس کی کارروائی مکمل ہو جائے گی۔ جمعرات کو نوازشریف کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آج کی سماعت میں استغاثہ کے اہم ترین گواہ واجد ضیا کے بیان پر جرح مکمل کر لی گئی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرف دور میں عامرعزیز کی نیب کے ساتھ بینکنگ ماہر کے طور پر وابستگی ان کے علم میں تھی تاہم یاد نہیں کہ عامرعزیز حدیبیہ پیپر ملز کی تفتیش میں بھی شامل تھے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ جہاں مشرف کا نام آ رہا ہے اس کے ساتھ اشتہاری بھی لکھیں، ہمارے کیس میں تو فوری ساتھ اشتہاری لکھ دیا جاتا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ مشرف الگ کیس میں اشتہاری ہیں۔

سماعت کے دوران احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کہا کہ اتنی طویل جرح کر لی ہے اب واجد ضیا جرح کے عادی ہو گئے ہیں۔

آج کی کارروائی میں نیب پراسیکیوٹر واثق ملک کی طرف سے ایک دن کے التواء کی استدعا منظور کر لی گئی اور سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی گئی۔


متعلقہ خبریں