اسد قیصر اور اختر مینگل کی ملاقات، بلوچستان کے مسائل پر گفتگو


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر قومی اسمبلی میں زیر بحث لایا جائے گا، بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل حل کرنا اور صوبے سے پسماندگی کا خاتمہ کرنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل سے ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس وقت ملک کو بیروزگاری، ناخواندگی، توانائی کی قلت، انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے قومی یکجہتی اور اتفاق رائے انتہائی ضروری ہے، ملکی تعمیر و ترقی کے لیے سب کو مل کر کا م کرنا ہو گا۔

ملاقات کے موقع پر اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک روا رکھا ہے، قدرتی وسائل سے مالامال صوبے کو بنیادی سہو لیات سے محروم رکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو موجودہ پارلیمنٹ اور حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اس لیے موجودہ حکومت اپنے دور اقتدار میں صوبے سے پسماندگی اور محرومیو ں کے خاتمے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھائے گی۔


متعلقہ خبریں