آمر آزاد، صحافی غدار اور میڈیا سنسرشپ کا شکار، بلاول بھٹو


کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے سینئر صحافی سرل المیڈا کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر حیرت اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ آمر جنھوں نے اصل میں آئین معطل کیا اور غداری کے مرتکب ہوئے وہ آزاد گھوم رہے ہیں اور صحافی جو صرف اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں انہیں غدار قرار دیا جا رہا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستانی میڈیا پہلے ہی بد ترین سنسر شپ کا شکار ہے، اس قسم کا عمل اس تاثر کو ہوا دیتا ہے کہ پاکستان میں میڈیا کا محاصرہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرل المیڈا پر غداری کے الزامات لگانا انتہائی چونکا دینے والا عمل ہے، سرل المیڈا صرف اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے جو ان کا حق ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کسی صحافی کے انٹرویو کرنے پر کوئی پابندی نہیں، سرل المیڈا نے سابق وزیراعظم کا انٹرویو کر کے کس قانون کی خلاف ورزی کی ہے؟ 

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزای اظہار رائے کے حق میں ہے، آزاد میڈیا کے بغیر جمہوریت ایک کھوکھلی بات کے مترادف ہے۔


متعلقہ خبریں