کراچی میں اغوا ہونے والا بچہ مل گیا


کراچی:  نیو کراچی کی بلال کالونی سے اغوا ہونے والا چھ سالہ بچہ حذیفہ مل گیا ہے۔

اس سے قبل بچے کے اغوا کی اطلاع پھیلنے کے بعد علاقے میں احتجاج شروع ہو گیا جو کئی گھنٹے جاری رہا۔

مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں اور اطراف کی دکانیں بھی بند کرا دیں جبکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔

ایس پی نیو کراچی شبیر بلوچ معاملے کو سنبھالنے اور مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچے تو مظاہرین نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا اور ان کے ساتھ آنے والی پولیس موبائل پر بھی شدید  پتھراؤ کیا جس سے پولیس پارٹی علاقے سے نکلنے پر مجبور ہو گئی۔

سپریٹینڈنٹ پولیس (ایس پی) نیو کراچی شبیر بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار مظاہرین سے بات چیت کی کوشش کی لیکن وہ نہ مانے بلکہ مظاہرین کے پتھراؤ سے کچھ اہلکار زخمی بھی ہوگئے جس کی وجہ سے انہیں منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی۔ 

شبیر بلوچ نے دعویٰ کیا کہ بچے کے والدین احتجاج میں شامل ہی نہیں تھے بلکہ کچھ لوگ احتجاج کو پر تشدد بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے کمشنرکراچی سے رپورٹ طلب کر لی تھی۔


متعلقہ خبریں