بھارت اور افغانستان کے درمیان اعصاب شکن میچ برابر ہوگیا

بھارت اور افغانستان کے درمیان اعصاب شکن میچ برابر ہوگیا


دبئی:  ایشیا کپ 2018 کے سپر4 مرحلے میں  اعصاب شکن مقابلے کے بعد افغانستان بھارتی ٹیم کے خلاف میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

منگل کے روز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغان کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر محمد شہزاد نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتےہوئے محض 9 اوورز میں ٹیم کا ٹوٹل 50 رنز پر پہنچا دیا۔

13ویں اوور میں بھارت نے پہلی وکٹ حاصل کی تو افغانستان کا اسکور 65 رنز تھا، آوٹ ہونے والے جاوید احمدی نے ان میں سےمحض 5 رنز بنائے تھے۔

وکٹ کیپر بلے باز شہزاد ایک طرف جارحانہ بالے بازی سے  تیزی سے رنز بنا رہے تھے تو دوسرے اینڈ سے بھارتی بالرز مسلسل وکٹیں لے کر افغان ٹیم کو پریشر میں ڈال رہے تھے۔

ایک موقع پر افغانستان کی 4 وکٹیں محض 82 رنز پر گر گئی تھیں، لیکن شہزاد کے 124 اور محمد نبی کے 64 رنز کی بدولت افغانستان اسکور بورڈ پر 252/8 رنز کا ٹوٹل سجانے میں کامیاب ہوئی۔

اپنی یادگار اننگ کی بدولت محمد شہزاد بھارتی ٹیم کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے پہلے افغان کھلاڑی بن گئے۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا نے 3 جبکہ کلدیپ یادو نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 

ٹارگٹ کے تعقب میں بھارتی اوپنرز میدان میں آئے تو پر اعتماد انداز میں اننگ کا آغاز کیا اور صرف 15.2 اوورز میں ٹیم کا اسکور 100 رنز تک پہنچا دیا۔ آوٹ ہونے والے پہلے بلے باز رایودو تھے، انہوں نے 54 رنز بنائے۔ ٹیم کے ٹوٹل میں 17 رنز کے اضافے کے بعد دوسرے اوپنر کے ایل راہول بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 60 رنز اسکور کیے۔ 

بھارت کی تیسری اور چوتھی وکٹ بھی مہندرا سنگھ دھونی اور منیش پانڈے کی شکل میں جلد ہی گر گئیں، دونوں نے 8، 8  رنز اسکور کیے۔ 

پانچویں وکٹ کے لیے جادیو اور دنیش کارتھک نے 48 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کو جیت کے راستے پر ڈالا، لیکن بد قسمتی سے دونو کھلاڑِ صرف ایک رن کے  فرق سے آوٹ ہوگئے۔ اب بھارت کا اسکور 40 اوور میں 206 تھا، جیت کے لیے اب بھی 46 رنز درکار تھے اور 4 وکٹیں ہاتھ میں تھیں۔ بھارت کے لیے مصیبت یہ تھی کہ اب جدیجا کے علاوہ کوئی بھی سینئر کھلاڑی باقی نہیں رہ گیا تھا۔ 

جدیجا اور ڈیبیو کرنے والے چاہر نے اسکور میں مزید 21 رنز کا اضافہ کیا، ساتویں وکٹ 12 رنز بنانے والے چاہر کی گری تو انڈیا کا اسکور 226/7 تھا۔ 

جدیجا نئے آنے والے بلے باز کلدیپ کے ساتھ اسکور کو 242 تک لے گئے، اب بھارت کو آخری 2 اوورز میں 13 رنز درکار تھے۔ آفتاب عالم نے 49ویں کی پہلی ہی گیند پر کلدیپ کی وکٹ لے کر میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا، لیکن روی جدیجا بہت محنت سے گیم کو آخر تک لے جانے کی کوشش میں لگے ہوئے تھے، انہوں نے بڑے شاٹس مارنے کے بجائے سنگل اور ڈبل پر اکتفا کیا، 8 گیندوں پر اتنے ہی رنز درکار تھے جب نئے بلے باز کول کھاتا کھولے بغیر ہی رن آوٹ ہوگئے۔ اب 7 گیندوں پر 8 رنز چاہئے تھے لیکن اہم بات یہ کہ اسٹرائک جدیجا کے پاس آچکی تھی جنہوں نے آکری گیند پر سنگل لے لیا۔

بھارت کو آخری 6 گیندوں پر 7 رنز درکار تھے اور افغانستان کو صرف ایک وکٹ۔۔۔ لیگ اسپنر راشد خان کے ہاتھ میں گیند تھی اور جدیجا ان کا سامنا کر رہے تھے۔ 

پہلی گیند پر انہوں نے سنگل لینے سے انکار کیا اور دوسری ہی گیند پر شاندار چوکا لگا کر اگلی گیند پر ایک رن لے لیا۔ اب بھارت کو صرف دو رنز کی ضرورت تھی اور برابر کرنے کے لیے صرف ایک رن درکار تھا، تب خلیل تو ایک رن لے کر میچ برابر کر گئے، لیکن آخری گیند پر جدیجا بڑا شاٹ لگانے کے چکر میں کیچ آوٹ ہوگئے اور یوں افغانستان سنسنی خیز میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ 


متعلقہ خبریں