بہت کچھ کہہ سکتے ہیں مگر بگاڑ نہیں چاہتے، شاہ محمود



نیویارک: پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بہت کچھ کہہ سکتا ہوں، لیکن پاکستان  بھارت کے ساتھ معاملات کو بگاڑنا نہیں چاہتا۔

نیویارک میں بھارتی صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا پاکستان امن کا داعی ہے اور ہم تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاملات بگاڑنے کے لیے دو جملے چاہیے، میں معاملات بگاڑنا نہیں چاہتا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے لیے امریکہ میں موجود شاہ محمود قریشی کی گزشتہ روز امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ  سے غیر رسمی ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ سے ملاقات میں نئے سرے سے دوطرفہ تعلقات کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بات چیت کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیرخارجہ کی ان کی اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بھی گزشتہ روز ملاقات ہوئی جس میں  دو طرفہ تعلقات کی بحالی پر گفتگو کی گئی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دو اکتوبر کو مائیک پومپیو سے دوسری ملاقات طے ہوئی ہے۔

اس سے پہلے وزیرخارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 25 ویں غیر رسمی وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات سے علاقائی رابطے کے منصوبوں کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو باہمی رابطے کی عظیم مثال قرار دیا۔ شاہ محمود قریشی نے توانائی روابط کے لیے پاکستان کی ترجیح کو اجاگر کیا اور اس ضمن میں کاسا 1000 اور تاپی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

شاہ محمود قریشی 29 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔

بھارتی گیدڑ بھبھکیاں جاری

پاکستان کی امن پسندی اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی خواہش پر مبنی خارجہ پالیسی کے باوجود خطے کے امن کا دشمن بھارت مسلسل اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان کے خلاف  اپنے تازہ ترین ہرزہ سرائی میں بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے کہا کہ بھارتی فوج جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے گیدڑ بھبکی دی کہ حکومت کے اشارے پر بھارتی فوج  کسی وقت بھی حرکت میں آسکتی ہے۔

دہشت گردوں کی مدد کا روایتی الزام دہراتے ہوئے بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ اسلام آباد نے عسکریت پسندوں کی مدد نا روکی تو پاکستان کے اندر مزید سرجیکل اسٹرائیکس کریں گے۔


متعلقہ خبریں