پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 126 پوائنٹس کی کمی 


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور کاروبار کے احتتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 126 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

126 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ مارکیٹ 41139.37 پوائنٹس پر بند ہوئی۔

کاروبار کے دوران 6 کروڑ 90 لاکھ 5 ہزار تین سو چالیس شئیرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 3 ارب، 35 کروڑ 83 لاکھ 70 ہزار سات سو چونسٹھ رہی۔    

بدھ کے روز بازار حصص میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 103 پوائنٹس تک کا اضافہ بھی ہوا تاہم مارکیٹ یہ تیزی برقرار نہیں رکھ سکی اور منفی زون میں داخل ہو گئی۔ کاروبار کے دوران مارکیٹ دوبارہ مثبت زون میں داخل ہوئی تاہم یہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکی۔ کاروبار کے دوران مارکیٹ 41000 کی نفسیاتی سطح سےنیچے گرگئی۔ ایک وقت میں انڈیکس میں 302 پوائنٹس تک کی کمی ہوئی۔ 

تاہم مارکیٹ میں آخری سیشن میں ریکوری ہوئی اور کاروبارکے احتتام پر انڈیکس  41139.37 پر بند ہوا۔  

سنئیر معاشی تجزیہ نگاراور اے کے وائی سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر امین یوسف نے ہم نیوز ڈاٹ پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ اگلے ہفتہ تک جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار مانیٹری پالیسی کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ اگر شرح سود میں ایک فیصد یا 100 بی پی ایس پوائنٹس کا اضافہ ہوتا ہے تو یہ مارکیٹ کے لیے اچھا ہوگا۔ اگر اضافہ 150 پوائنٹس ہوتا ہے تو مارکیٹ کا ردعمل بہت مثبت ہوگا۔

امین یوسف نے کہا کہ اس ہفتے مارکیٹ کا موجودہ رجحان برقرار رہے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ تیل، سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر مارکیٹ کی سمت کا تعین کریں گے۔ تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد سیمنٹ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کا امکان ہے۔ 

امین یوسف کے مطا بق مارکیٹ آئندہ ہفتہ اپنی سمت کا تعین کرے گی کیونکہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں سعودی وفد بھی پاکستان آ رہا ہے۔ اس دوران پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔       

گزشتہ روز بازار حصص کی کارکردگی

منگل کو گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر بازار حصص 31 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 41 ہزار 36 پر بند ہوا تھا۔

منگل کو کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 41 ہزار چار پوائنٹس پر تھا جو صبح دس بجے تک 122 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 41 ہزار ایک سو 26 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔

کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 189 پوائنٹس کا اضافہ بھی دیکھا گیا تھا، اس موقع پر 100 انڈیکس 41 ہزار ایک سو 93 پوائنٹس پر بھی پہنچا تھا۔


متعلقہ خبریں