چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا آغاز کل ہو گا


کراچی: چیف آف دی نیول اسٹاف ایشین اوپن گالف چیمپئن شپ 8 201 کا آغاز کل سے ہو گا۔ چیمپئن شپ کے میچز 27 ستمبر تا 14 اکتوبر2018 کراچی گالف کلب میں کھیلے جائیں گے۔

اس بات کا اعلان پیٹرن پاکستان نیوی گالف کموڈور مشتاق احمد (ستارہ امتیاز ملٹری) نے کراچی گالف کلب میں ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پاکستان نیول اسٹاف (پی این ایس) جوہر، رئیر ایڈمرل عدنان خالق، یو ایم اے کے چیف ایگزیکٹو سہیل شمس اور دیگر اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

کموڈورمشتاق احمد نے بتایا کہ چیمپیئن شپ کے دوران پروفیشنلز، سیمی پروفیشنلز، امیچرز، ویٹرنز، جونئیرز اور خواتین کی کیٹٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پروفیشنلز اور امیچرز کیٹٹیگریز کے مقابلے 72 ہولز پر مشتمل ہوں گے جو چا ر روز تک جاری رہیں گے اور ان کے لیے 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم طے کی گئی ہے۔ اسی طرح پہلے اور دوسرے ہال ان ون کے لیے سوزوکی سیاز کاراور گالف سیٹ کے انعامات مختص کیے گے ہیں۔ مزید کیٹٹیگریز کے لیے دیگر انعامات رکھے گئے ہیں۔

پیٹرن پاکستان نیوی گالف نے کہا کہ وطن ِعزیز کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے بنیادی فریضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ نے سماجی بہبود، صحت، تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں میں بھی ہمیشہ ایک موثر کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی نے انٹر سروسز ، قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں بالخصوص کشتی رانی، شوٹنگ، اسکواش، ہاکی ، کرکٹ اور گالف کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان نیوی کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی اہمیت سے ہمیشہ آگاہ رہی ہے۔ دیگر کھیلوں کے علاوہ گالف بھی ان کھیلوں کی فہرست میں شامل ہے جن کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کام کر رہی ہے۔

گالف چیمپیئن شپ دو مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے کے مقابلے 27 تا 30 ستمبر جبکہ دوسرے مرحلے میں دس تا 14 اکتوبر کو شہر قائد میں کھیلی جائے گی۔ جس میں گیارہ سال بعد انٹرنیشنل گالف کی پاکستان واپسی ہوگی۔

پاکستان نیوی نے 1995ء میں پاکستان گالف فیڈریشن کے کیلنڈر میں قومی سطح کی ایک اور گالف چیمئین شپ کے اضافے کے لیے چیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا آغاز کیا۔ اس وقت سے یہ چیمپئن شپ قومی گالف سرکٹ کا باقاعدہ اور اہم حصہ بن چکی ہے۔


متعلقہ خبریں