اسلامی نظریاتی کونسل کا تین طلاقوں پر علما سے مشاورت کا فیصلہ

تین طلاقیں بڑا معاشرتی مسئلہ بن چکا ہے،اسلامی نظریاتی کونسل |humnews.pk

اسلام آباد: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ بیک وقت تین طلاقیں دینا ایک بڑا معاشرتی مسئلہ بن چکا ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلاق سے خواتین اور بچوں پر بہت برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ علماء سے مشاورت کے لیے کونسل ایک کانفرنس منعقد کرے گی جبکہ متفقہ طلاق نامہ بھی ترتیب دیا جائے گا، علما کی مشاورت سے اس کا ڈرافٹ تیار کیا جائے گا۔

قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ ماہرین کی مدد سے مسئلے کا سدباب تلاش کریں گے جبکہ متفقہ طلاق نامہ تمام مسالک کے جید علماء کی مدد سے تیار ہو گا۔

کم عمری کی شادی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں شادی کے معاملے پرعلما کی مشاورت سے مزید غور کیا جائے گا جبکہ اس کی حوصلہ شکنی کے لیے آگاہی مہم کی ضرورت ہے اور یہ بھی علما کی مدد سے چلائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کم عمری کی شادی کے خلاف تعلیمی اداروں میں بھی مہم چلائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کےخلاف ردعمل کے لیے وسیع تر مشاورت کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں