خوشخبری: قطر نے ایک لاکھ نوکریوں کی پیشکش کردی


نیویارک: بیروزگاری اورمہنگائی کی چکی میں پسے پاکستانیوں کے لیے امریکہ سے خوشخبری آگئی۔ قطری وزیرخارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران ایک لاکھ ہنرمند پاکستانیوں کو ملازمتیں دینے کی پیشکش کردی ہے۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ’ٹی آر ٹی‘ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستانی وزیرخارجہ کی قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمان سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، مشترکہ مفادات کے فروغ اور تعاون پر اتفاق رائے کیا گیا۔

قطری وزیرخارجہ کی جانب سے کی جانے والی پیشکش کی تصدیق پاکستان تحریک انصاف نے بھی اپنے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ پر کی ہے۔ اس ضمن میں جو تصاویر جاری کی گئی ہیں ان میں واضح طورپر نظر آرہا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

2022 میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی قطر کرے گا جس کے لیے دن رات ترقیاتی کام جاری ہے۔ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کےلیے گزشتہ چند سالوں سے وہاں بڑے پیمانے پر ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں لیکن ان میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر رہا ہے۔ 

بھارت اوربنگلہ دیش نے اپنے ہنرمندوں کے لیے ملازمتوں کے بے پناہ کوٹے حاصل کیے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کثیر زرمبادلہ بھی ملا ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی گزشتہ روزکویت کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کویت سے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خطے کی ترقی و استحکام پریکساں مؤقف کے حامل ہیں۔

کویت کے  نائب وزیر اعظم نے بات چیت میں کہا تھا کہ تیل کی تلاش، زراعت اور تجارت سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی۔

پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کےلئے نیویارک امریکہ میں موجود ہیں جہاں دیگر عالمی رہنماؤں سے ان کی ملاقاتیں ہورہی ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کی گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورامریکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں