خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی 8 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں


سن: سندھ کے علاقے سن کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو سن کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں ٹرین کی آٹھ بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق خوشحال خان خٹک ایکسپریس رات دو بجے دادو-کوٹری کے قریب حادثہ کا شکار ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کے اطراف راستہ نہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو حادثے کے بعد ریلوے ٹریفک بند ہوگیا اور کراچی جانے والی دوسری ٹرین کو آمری ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا جب کہ ٹریک کو بند کر کے ریسکیو کا کام شروع کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حادثے کے کئی گھنٹے بعد تک بھی ریلوے انتظامیہ جائے حادثہ پر نہیں پہنچی تھی۔

حکام کے مطابق ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ٹریک کی بحالی میں چھ سے سات گھنٹے لگ سکتے ہیں تاہم کوشش ہے کہ جلد از جلد ریلوے لائن بحال کر لی جائے۔

ریلوے حکام نے اعلان کیا ہے کہ حادثہ کے باوجود طے شدہ معمول کے تحت روانہ ہونے والی ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر چلائی جائیں گی۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ فوری طور پر متبادل ٹرین کے ذریعے مسافروں کو منزل پر پہنچا رہے ہیں۔

رواں ماہ کی 16 تاریخ کو میانوالی کے قریب خوشحال خان خٹک ایکسپریس حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں 20 سے زائد مسافر زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثہ کے متعلق کہا گیا تھا کہ علاقے میں ٹریک اس قابل نہیں تھا کہ وہ ٹرین کی رفتار کا ساتھ دے سکتا۔


متعلقہ خبریں