مولانا فضل الرحمان کے بھائی بھی نیب کے شکنجے میں


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کے شکنجے میں آ گئے۔

چیئرمین نیب نے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ ضیاء الرحمان سول سروس کے بغیر بطور کمشنر افغان مہاجرین کیسے تعینات ہوئے اور دو سال تک اس عہدے پر کس طرح برا جمان رہے؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نئی کابینہ نے ضیاء الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی تھی اور وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد کو تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق ضیاء الرحمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ملازم تھے۔ اب اس بات کی تحقیقات کی جائیں گی کہ وہ کس طرح ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خوشاب تعینات ہوئے اور کیسے بڑے عہدوں پر فائز ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ضیاء الرحمان کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور اب یہ معلوم کیا جائے گا کہ پی ٹی سی ایل کا ملازم کیسے بڑے سرکاری عہدوں تک پہنچا؟


متعلقہ خبریں