پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 58 پوائنٹس کی کمی


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 58 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40851 کی سطح پر بند ہوا۔

بازار حصص میں کاروبار کا آغاز منفی ہوا۔ خریدو و فروخت شروع ہوتے ہی انڈیکس منفی زون میں داخل ہوا، چند پوائنٹس کی کمی ہوئی تاہم اس مرحلہ پر انڈیکس جلد ہی منفی زون سے نکل آیا اور 62 پوائنٹس تک کا اضافہ دیکھا گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ 

کاروبار کے دوران دوسرے سیشن میں ایک وقت میں مارکیٹ میں 518 پوائنٹس تک کی کمی کا شکار ہوئی اور انڈیکس 40391 کی سطح تک گر گیا۔ تاہم آخری سیشن میں تین بجے کے بعد مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور مارکیٹ میں ریکوری ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 58 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40851 کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے حوالے سے ہم نیوز ڈاٹ پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے سنئیر معاشی تجزیہ نگار اور اے کے وائی سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر امین یوسف نے کہا کہ اس ہفتہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سرمایہ کار اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ مالیاتی پالیسی کے منتظر ہیں اس لیے وہ کوئی پوزیشن نہیں لے رہے۔

امین یوسف نے کہا کہ جب تک مالیاتی پالیسی نہِیں آتی مارکیٹ ‘رینج باؤنڈ’ رہے گی۔ ان کے مطابق اگر شرح سود میں ایک فیصد یا 100 بی پی ایس پوائنٹس کا اضافہ ہوتا ہے تو مارکیٹ اسے مثبت لے گی ۔ اگر اضافہ 150 پوائنٹس ہوتا ہے تو مارکیٹ کا ردعمل بہت مثبت ہوگا۔

معاشی تجزیہ نگار نے بتایا کہ مارکیٹ آئندہ ہفتہ اپنی سمت کا تعین کرے گی کیوں کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں سعودی وفد بھی پاکستان آ رہا ہے۔ اس دوران پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

بدھ کو اسٹاک مارکیٹ کی صورتحال

گزشتہ روز مارکیٹ 126 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 41139.37 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

بدھ کے روز کاروبار کے دوران چھ کروڑ 90 لاکھ پانچ ہزار تین سو چالیس شئیرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت تین ارب، 35 کروڑ 83 لاکھ 70 ہزار 764 روپے رہی۔   

بدھ کے روز بازار حصص میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 103 پوائنٹس تک کا اضافہ بھی ہوا تاہم مارکیٹ یہ تیزی برقرار نہ رکھ سکی اور منفی زون میں داخل ہو گئی تھی۔ کاروبار کے دوران مارکیٹ 41000 کی نفسیاتی سطح سے بھی نیچے گر گئی تھی۔ اس دوران ایک وقت میں انڈیکس میں 302 پوائنٹس تک کی کمی ہوئی۔

گزشتہ کاروبارہ دن کے اختتامی سیشن میں انڈیکس میں کچھ بہتری آئی جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 41139.37 پر بند ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں