پیپلزپارٹی نے سرکاری اداروں کو تباہ کیا، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات کی نو منتخب صدر کو مبارکباد

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ریڈیو پاکستان سمیت تمام ملکی اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے صرف تین روز میں 800 افراد کو ریڈیو پاکستان میں بھرتی کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق اپوزیشن لیڈر کے اس اقدام کی وجہ سے ریڈیو پاکستان پر سات کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کو پیپلز پارٹی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریڈیو پاکستان پر سالانہ پانچ ارب روپے لگانا پڑ رہے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے سلسلہ میں اٹھائے گئے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کی ویژن لیس پالیسی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے تمام سرکاری اداروں میں اپنے ساتھیوں کا تقرر کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ریڈیو پاکستان کو موجودہ بلڈنگ سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے خلاف ملازمین نے احتجاج کیا۔ گزشتہ روز بھی ریڈیو پاکستان کے ملازمین نے ریڈیو پاکستان کی بلڈنگ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی تھی۔

ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے مستقل احتجاج کے باعث بدھ کو حکومت نے سرکاری ریڈیو کی شفٹنگ کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔


متعلقہ خبریں