عمران کا قادری کو فون: ماڈل ٹاؤن کیس میں مدد کی یقین دہانی


اسلام آباد:  وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کے روز پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے متعلق مکمل قانونی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے طاہرالقادری کو یقین دلایا کہ حکومت سانحہ ماڈل ٹاون کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔

عمران خان نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے، اس پرحکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نوازشریف، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ سمیت 12 افراد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں طلبی کے لیے دائر پاکستان عوامی تحریک کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

عوامی تحریک کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا  کہ نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر سابق حکومتی عہدیداروں کے نام استغاثہ سے خارج کردیے گئے ہیں، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے حقائق کے برعکس فیصلہ کیا ہے، اس لیے سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کے بھائی شہباز شریف سمیت دیگر حکومتی شخصیات کو بھی عدالت میں طلب کیا جائے۔


متعلقہ خبریں