ایف بی آر کے 100بڑے ڈیفالٹرز کے خلاف سخت ایکشن کا اعلان


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تین معاہدے طے پائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کے دورے پر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرے گا۔

وہ وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کو بچانا وفاقی حکومت کا بیانیہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین سے متعلق جامع پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پانچ لاکھ افغان مہاجرین غیر رجسٹرڈ ہیں جب کہ 20لاکھ رجسٹرڈ ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے 100 بڑے ڈیفالٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویج بورڈ ایوارڈ کے لیے نئے چیئرمین کا تقرر کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ فاٹا اور پاٹا میں پانچ سال کے لیے ٹیکس قوانین کو روک دیا گیا ہے اور فاٹا میں 30 جون 2023 کے بعد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں استعمال نہیں ہو سکیں گی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سفارش کے کلچر کوہمیشہ کے لیے دفن کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کوبڑھانے کافیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام وزارتوں کے امور ای گورنمنٹ پر منتقل کیے جائیں گے۔ ان کہنا تھا کہ جدیدٹیکنالوجی کے استعمال سے ادارہ جاتی کارکردگی بہتر ہوگی۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی کو اس حوالے سے دو ہفتوں میں سفارشات کی تیاری کے لیے کہا گیا ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادراور کراچی  کے ساحلی علاقوں کو ترقی دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں