انتخابی دھاندلی پر پارلیمانی کمیٹی، پرویزخٹک سربراہ ہوں گے

pervaiz Khattak

اسلام آباد: وزیراعظم نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی کے سربراہ کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے دھاندلی تحقیقات کی کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کے نام کی بطور کمیٹی سربراہ منظوری دی گئی ہے۔

کمیٹی اپنے اجلاس کے ٹی او آرز خود طے کرے گی۔ کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 12 ، 12 ارکان شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے فیصلہ سے اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کمیٹی کے قیام سے متعلق اعلان کریں گے۔ 

گزشتہ ہفتہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک منظور کی گئی تھِی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں مبینہ انتخابی دھاندلی پر کمیشن کے ٹی او آرز کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی تحریک پیش کی تھی جسے ایوان نے منظور کر لیا تھا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی کے قیام پر حکومت و اپوزیشن نے اتفاق کر لیا ہے۔ حکومت و اپوزیشن کا اس معاملے پر اتفاق خوش آئند، اپوزیشن ارکان کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ کمیٹی میں حکومت و اپوزیشن کی مساوی نمائندگی ہوگی۔ چیئرمین کمیٹی کا فیصلہ حکومت وزیراعظم کی سے مشاورت کے بعد کرے گی۔


متعلقہ خبریں