پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 146 پوائنٹس کا اضافہ

اسٹاک مارکیٹ 783پوائنٹس کی کمی پر بند

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتہ کے آخری روز 146 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 40998 پر بند ہوئی۔

جمعہ کے روز بازار حصص میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 50 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا اس کے بعد انڈیکس نیچے آیا اور 30 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ ابتدائی کمی بیشی کے بعد بھی اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری  رہا تاہم آخر کار مارکیٹ کا اختتام مثبت انداز میں ہوا۔

جمعرات  کو اسٹاک مارکیٹ کی صورتحال

گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 58 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40851 کی سطح پر بند ہوا تھا۔

بازار حصص میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا تھا۔ کاروبار کے دوران دوسرے سیشن میں ایک وقت میں مارکیٹ 518 پوائنٹس تک کی کمی کا شکار ہوئی اور انڈیکس 40391 کی سطح تک گر گیا۔ تاہم آخری سیشن میں تین بجے کے بعد مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور ریکوری ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 58 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40851 کی سطح پر بند ہوا تھا۔

اتار چڑھاؤ کا رجحان جاری رہنے کی پیش گوئی

مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے حوالے سے ہم نیوز ڈاٹ پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے سنئیر معاشی تجزیہ نگار اور اے کے وائی سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر امین یوسف نے کہا کہ اس ہفتہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سرمایہ کار اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ مالیاتی پالیسی کے منتظر ہیں اس لیے وہ کوئی پوزیشن نہیں لے رہے۔

امین یوسف نے کہا کہ جب تک مالیاتی پالیسی نہِیں آتی مارکیٹ ‘رینج باؤنڈ’ رہے گی۔ ان کے مطابق اگر شرح سود میں ایک فیصد یا 100 بی پی ایس پوائنٹس کا اضافہ ہوتا ہے تو مارکیٹ اسے مثبت لے گی ۔ اگر اضافہ 150 پوائنٹس ہوتا ہے تو مارکیٹ کا ردعمل بہت مثبت ہوگا۔

معاشی تجزیہ نگار نے بتایا کہ مارکیٹ آئندہ ہفتہ اپنی سمت کا تعین کرے گی کیوں کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں سعودی وفد بھی پاکستان آ رہا ہے۔ اس دوران پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں