‘الطاف حسین نے نفرت پھیلائی، جواب میں پیپلز پارٹی نے گینگ وار بنا دی’


کراچی: سندھ اسمبلی میں پاکسان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ نفرت الطاف حسین نے پھیلائی اور قتل عام ہوا لیکن اس کے جواب میں پیپلز پارٹی نے گینگ وار بنا دی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے سہیل انور سیال کے مہاجروں کے حوالے سے بیان کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل سیال تو جوتے اور پرس اٹھانے والا فرد ہے۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل نے مطالبہ کیا کہ پیپلزپارٹی کو معافی مانگنی چاہیے۔ 

پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پی پی پی کو شرم کر نی چاہیے کہ تھر میں آوارہ کتے اسپتال کے وارڈ میں تھے۔

دریں اثنا ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل اسمبلی میں وزارت سے محروم ہونے والے نے اپنی وفاداری ثابت کرنے کے لیے مہاجروں پر اپنا غصہ اتارا، جو لب و لہجہ استعمال کیا گیا اس کی وضاحت پیپلزپارٹی کو کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سہیل انور سیال نے پوری قوم کے خلاف زہر افشانی کی ہے، یہ نہ صرف مہاجروں بلکہ سندھیوں کے خلاف بھی سازش ہے، سندھی دانشور اپنی ثقافت کے مطابق سہیل سیال کی تقریر کو مسترد کریں۔

خوجہ اظہار نے کہا کہ آج ایوان میں سود سمیت ان کو جواب دیں گے، پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف سے اگر وضاحت نہیں آئی تو بات آگے بڑھے گی، جوش خطابت میں آکر کل تیمور تالپور نے ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کیا ہے اب الیکشن کمیشن اس رکن کو بلا کر وضاحت طلب کرے۔

جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی صورتحال تناؤ کا شکار رہی۔ اجلاس شروع ہوا تو پیپلزپارٹی اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے یکساں مطالبہ کیا گیا کہ پہلے دوسرا فریق معافی مانگے تبھی اجلاس کی کارروائی چل سکے گی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ابتداء کی ہے وہی معافی مانگے۔ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت کو معافی مانگنا ہو گی۔ طے کیا گیا تھا کہ اجلاس سے قبل حزب اقتدار گزشتہ روز کے بیان پر معافی مانگے گی۔

سہیل انور سیال بیان پر قائم

سابق وزیرداخلہ سندھ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ گزشتہ روز کے بیان پر قائم ہیں۔ انہوں نے بارہ مئی برپا کرنے والی ذہنیت کے متعلق بیان دیا تھا۔


متعلقہ خبریں