مسلم لیگ ن کے لوگ مودی کے یار ہیں، عامر ڈوگر


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لوگ مودی کے یار ہیں، ان کے اقدامات اور حرکات و سکنات پاکستان دشمنوں والی ہیں۔

پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے جو باتیں کہیں وہ گزشتہ حکومتوں کے بارے میں تھیں کیونکہ انہوں نے اداروں کو نقصان پہنچایا۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ وہ ان تمام محرکات کو سامنے لائیں گے جن کی وجہ سے گذشتہ حکومتوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ تمام ثبوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ تحریک انصاف نوکریاں دینے کے مخالف نہیں ہے لیکن جس طریقے سے گزشتہ حکومتوں نے نوکریاں بانٹیں وہ غلط اور خلاف قانون تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں فراہم کرے گی، بغیر میرٹ کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ 

سابق وزیرخزانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عامر ڈوگرنے کہا کہ اسحاق ڈار نے اپنے ملک کی معیشت کے ساتھ جو ظلم کیا وہ کوئی بڑے سے بڑا دشمن بھی نہیں کر سکتا۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ 100 دن کا مطلب لوگوں اور اداروں کو ایک سمت دکھانا ہے، یہ نہیں کہ کوئی جادو کی چھڑی ہے جس کو گھمانے سے سب کچھ بالکل ٹھیک ہو جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ آہستہ آہستہ سمجھ جائیں گے لیکن قوم سے جھوٹ بولنا اور الزام لگانا بند کریں۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے خود اپنی مرضی سے 100 دن کا ٹارگٹ رکھا تھا جبکہ ان کے 100 دن میں سے 40 دن گزر چکے ہیں۔ 40 دنوں میں کوئی پیش رفت نظر نہیں آئی بلکہ بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس نا جانے کی بات کی لیکن اب جا ریے ہیں، یہ لوگ ہر وہ کام کر رہے ہیں جو انہوں نے نہ کرنے کا کہا تھا۔ .

پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا نعرہ تبدیلی نہیں بلکہ “وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہو جائے” ہونا چاہیے۔

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جعفر اقبال نے کہا حکمران جماعت میں موجود بہت سے لوگ مجبور ہیں، وہ کچھ کہہ نہیں سکتے۔

تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب یہ لوگ اپوزیشن میں تھے تو ان کے پاس ہر بات کا حل ہوا کرتا تھا اور آج انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ کرنا کیا ہے۔ 

فواد چوہدری کے بیان کے حوالے سے جعفر اقبال کا کہنا تھا کہ عزت ہر شخص اور سیاسی جماعت کی ہوتی ہے، اس طرح کی باتیں کرنا غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے الفاظ کا چناؤ غلط تھا، یہی سب باتیں اچھے الفاظ میں بھی کہی جا سکتی تھیں۔


متعلقہ خبریں