انتخابات میں دھاندلی کی شکایت سب کو تھی، مریم اورنگزیب

انتخابات میں دھاندلی کی شکایت سب کو تھی، مریم اورنگزیب|HUMNEWS.PK

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی شکایت سب کو تھی۔ پارلیمانی کیمشن پر اتفاق ہو چکا ہے ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کو سمجھنا بہت ضروری ہے، انہیں ہر کوئی آسانی سے نہیں سمجھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتساب کے اداروں کو تالا لگانا چاہتی ہے۔

 مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کو صبر وتحمل سے کام لینا پڑتا ہے۔ ہم نے بھی پانچ برس بہت کچھ برداشت کیا کیونکہ حکومت کو برداشت کرنا پڑتا ہے. جب آپ ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں تو تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاملات کو بہتر طریقے سے حل کیا جانا چاہیئے اگر حکومت اچھے کام کرے گی تو اپوزیشن حکومت کا ساتھ دے گی۔۔

پروگرام میں موجود سابق نیب پراسیکیوٹر راجا عامرعباس نے کہا کہ نیب اگر اپنا کیس مضبوط بنائے اور بہتر طریقے سے کام کرے تو بڑی عدالتوں میں فیصلے درست آئیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اہم بات کی جانب توجہ دلائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے موجودہ ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

راجا عامر عباس کا کہنا تھا کہ نیب  قوانین میں تبدیلی کے بنا اسے ایک مضبوط ادارہ نہیں بنایا جاسکتا۔

پروگرام میں موجود خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر خزانہ تیمورسلیم جھگڑا نے کہا کہ  ہم پی ٹی آئی کے نظریئے کی پیروی کریں گے اور 100 دن میں تبدیلی لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  کے پی ایسا صوبہ ہو گا جس کے سرکاری دفاتر میں فائل کلچر ختم ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کے پی کا نقشہ بدل دے گا اور جب چیزیں سامنے آئیں گی تو نظر بھی آئیں گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اصل مسئلہ قرض لینا نہیں بلکہ قرضے کی واپسی ہے کیونکہ قرضہ ہر ملک لیتا ہے۔


متعلقہ خبریں