امراض قلب سینٹرز کا قیام حکومت سندھ کے لیے باعث فخر ہے،بلاول

وفاق اور وزیراعظم صوبوں سے لاتعلقی کااعلان کر رہے ہیں، بلاول

فائل فوٹو


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے صحت عامہ اور سہولیات صحت کے ایک جامع پروگرام کی بنیاد رکھی جو پر اب عمل درآمد ہو رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم قلب پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ صحت عامہ اور امراض قلب کا مکمل مفت علاج سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت کا خصوصی اہمیت کا حامل ایجنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) اور مختلف اضلاع میں این آئی سی وی ڈی سیٹلائٹ سینٹرز کا قیام حکومت سندھ کے لیئے باعث فخر ہے جن سے نادار افراد کے علاوہ ہر طبقے کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں امراض قلب کے علاج کے لیئے اعلیٰ سطح کی سہولیات موجود ہیں اور ان سہولیات سے سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں کے مریض بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی میں اینجیوپلاسٹی، دل میں اسٹنٹ ڈالنے اور پیس میکر کی تبدیلی جیسی سہولیات بلکل مفت میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے تاحال این آئی سی وی ڈی کے آٹھ سینٹرز قائم کیے ہیں جو لاڑکانہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، سکھر، سیہون، مٹھی، خیرپور اور نواب شاہ میں کام کر رہے ہیں جب کہ اسپتالوں میں علاج کے دوران مریضوں کی مکمل نگہداشت کی جاتی ہے، جس میں مفت خوراک اور دیگر اشیائے ضروریات کی فراہمی بھی شامل ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی نے کراچی کے مختلف مقامات پر سات چیسٹ پین یونٹس بھی قائم کیے ہیں۔


متعلقہ خبریں