ضمنی انتخابات: پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اکتوبر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پریزائیڈنگ آفیسرز کی درخواست پر فوجی اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق فوجی اہلکار 12 سے 15 اکتوبر اور 19 سے 22 اکتوبر تک تعینات کیے جائیں گے، ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ 14 اور 21 اکتوبر کو ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تعینات کیے گئے فوجی اہلکاروں کو خصوصی اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔

ضمنی انتخابات میں پولنگ کے اوقات تبدیل 

دوسری طرف 39 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تمام ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کے اوقات تبدیل کر کے نئے اوقات مقرر کردیے ہیں۔

ضمنی انتخابات میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 تک ہوگی جب کہ عام انتخابات میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث الیکشن کمیشن نے پولنگ کےاوقات میں ایک گھنٹہ کم کیا۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ کے نئے اوقات سے متعلق ریٹرننگ افسران کوبھی آگاہ کردیا۔

36 حلقوں میں ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہو رہے ہیں جب کہ تین حلقوں میں ضمنی انتخاب 21 اکتوبر کو ہو گا۔ ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے 12 جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے 27 حلقوں میں ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں