چیئرمین پی اے سی کے معاملے پر تحریک انصاف میں اختلافات

تحریک انصاف میں اختلافات، پارٹی رہنما آج سرجوڑ کر بیٹھیں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) بنانے کے معاملے پر تحریک انصاف میں اختلافات پیدا ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان چیئرمین پی اے سی کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر قائد حزب اختلاف کو چئیرمین پی اے سی بنانے کا بیان دیکر پھنس گئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران بھی شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم رہے جب کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی سینئر رہنماؤں کے قائد حزب اختلاف کو چئیرمین پی اے سی بنانے پر تحفظات ہیں۔

اسد قیصر جمہوری تسلسل اور پارلیمنٹ کی بہتر ورکنگ کے لیے اپوزیشن سے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے عہدہ اپوزیشن کو دینے پر بضد ہیں تاہم وزیر اعظم نے چیئرمین پی اے سی کے بارے فیصلہ شاہ محمود قریشی کی وطن واپسی تک مؤخر کر دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کی واپسی پر پی ٹی آئی کی کمیٹی شہباز شریف کو چیئرمین بنانے یا نہ بنانے کے بارے میں اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی جس کے بعد وزیراعظم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں چیئرمین پی اے سی کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں