ہر ایم پی اے اپنے حلقے کا وزیراعلیٰ ہے،عثمان بزدار


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا  ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا مشن اوراوڑھنا بچھونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے نام پر ووٹ لے کر آئے ہیں، اپنے وعدے نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایم پی اے اپنے حلقے کا وزیراعلیٰ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ پروٹوکول ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سرکاری دفاتر کی پرفارمنس سے حکومت کی کارکردگی جانچتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ سرکاری دفاتر میں دو گھنٹے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب میں موجود تمام محکموں کو اپنی کارکردگی میں یقینی بہتری لانا ہوگی۔

انہوں نے عوام کو بہترین خدمات مہیا کرنے کا دعویٰ کرنے کے ساتھ ساتھ بہتر طرز حکومت لانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

سردار عثمان بزدار نے شرکائے اجلاس سے کہا کہ پنجاب میں وزراء اپنے محکموں میں عوامی فلاح وبہبود کے فیصلے کرنے میں بااختیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

پنجاب پولیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس محکمے میں انقلابی تبدیلی آرہی ہے اور اصلاحات کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔

اجلاس میں سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان، صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، مراد راس، راجہ بشارت اور چوہدری ظہیر الدین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں