بھارتی حماقت پر امریکہ کی طرف نہیں دیکھیں گے، شاہ محمود


اسلام آباد/نیو یارک: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے اگر کوئی حماقت کی تو پاکستان امریکہ کی طرف نہیں دیکھے گا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں اور اس حوالے سے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے دو اکتوبر کو ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہیں اور انہیں واپس لانے کے لیے راستے تلاش کر رہے ہیں۔ میں نیویارک کسی کو خوش کرنے نہیں بلکہ پاکستان کا مقدمہ بہتر انداز میں لڑنے کے لیے آیا ہوں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ میں اپنی مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے چھ روز میں 54 عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی دنیا سے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستان اور روس کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے دنیا کے سامنے بھارت کی جارحیت کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں برسوں سے قابض ہے اور وہاں کی عوام بھارتی مظالم کو برداشت کر رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے عالمی رہنماؤں کو بتایا تھا کہ پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن کا اعتراف بھارتی جارحیت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور ہم سانحہ اے پی ایس کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ ہم بھارتی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دیں گے وہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لے۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے مذاکرات کی دعوت پر بھارتی ہٹ دھرمی کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے تیسری بار مذاکرات کا موقع گنوایا ہے۔

ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اب سرحد پر کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔


متعلقہ خبریں