انڈونیشیا میں زلزلہ، سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 832 ہوگئی


جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرہ پالو میں 7.5 شدت کے زلزلے اور اس کے بعد آنے والے سونامی طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 832 ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 7.5 شدت کے زلزلہ اور سونامی میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 540 ہے۔

متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں کو خوراک اورپانی کی کمی کا سامنا ہے۔ انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی کے مطابق متاثرہ علاقوں سے 17 ہزار افراد کا انخلا ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملبے تلے دبے سینکڑوں افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انڈونیشیا کے صدر آج متاثرہ ریجن کا دورہ کریں گے۔

گزشتہ دنوں انڈونیشیا کے جزیرہ سلاواسی اور پالو میں 7.5 شدت  کا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد سمندر میں سونامی کی لہریں اٹھی تھیں۔ زلزلہ کے بعد  پیدا ہونے والے سونامی کے 6.6 فٹ اونچی لہروں نے جزیرہ پالو میں تباہی مچا دی جس سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا تھا۔

گزشتہ مہینے انڈونیشا کے جزیرے لومبوک میں تواتر سے زلزلے آئے۔ پانچ اگست کو آنے والے تباہ کن زلزلے میں 460 لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں