اب ’بحث‘ اور ’اشارے‘ کرنے پر سزا ملے گی


دبئی: عالمی سطح پر معروف کھیلوں میں سے ایک کرکٹ کو مزید دلچسپ اور محفوظ بنانے کی غرض سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے متعدد نئے قوانین متعارف کرائے ہیں۔

حالیہ قوانین میں کہا گیا ہے کہ کھیل کے میدان میں بحث اور لڑائی جھگڑے پر مکمل پابندی رہے گی۔ کرکٹ کے کھلاڑیوں پر لاگو کیے گئے نئے قوانین کے تحت اب کھیل کے میدان میں بحث اور لڑائی جھگڑے کی گنجائش نہیں رہی۔

ہم نیوز کے مطابق کرکٹ کے میدانوں میں مسلسل دھوکہ دہی، کھلاڑیوں کی تکرار اور بد تمیزیوں کے واقعات پر آئی سی سی نے ایکشن لیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تمام ایونٹس اور میچز کے لیے متعارف کردہ نئے قوانین میں کہا ہے کہ اب کوئی بھی کھلاڑی نہ تو گراؤنڈ میں موجود ایمپائر سے اور نا ہی مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں سے بحث و تکرار کر سکتا ہے۔

آئی سی سی کے نئے قانون کے مطابق کھلاڑی اب ایک دوسرے کو اشارے بھی نہیں کر سکیں گے، اگر کوئی کھلاڑی کسی بھی قسم کی بحث اور اشاروں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ اور پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔

کرکٹ قوانین میں سے جرم کے طور پر درج بال ٹیمپرنگ کی سزاؤں کو مزید سخت کیا گیا ہے، حالیہ تبدیلی کے بعد بال ٹیمپرنگ کرنے پر بھی لیول تھری کی شق لاگو ہو گی اور غلطی ثابت ہونے پر کھلاڑی کو چھ ٹیسٹ میچوں یا 12 ایک روزہ میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں