ضمنی انتخابات کے لیے آر ٹی آیس کا فوکل پرسن تبدیل

آر ٹی ایس کی ناکامی کی وجوہات سامنے آ گئیں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 جولائی کے عام انتخابات میں ‘ناکام’ ہونے والے ریزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس)  کو ایک بار بھر 14 اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں استعمال کرنے کے فیصلہ کے بعد آر ٹی ایس کا فوکل پرسن تبدیل کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فوکل پرسن کا  کرادر نادرا کے ساتھ آر ٹی ایس کے معاملے میں بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں ڈیٹا بیس اسپشلسٹ فوکل پرسن کے فرائض سر انجام دے رہا تھا۔

14 اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں فوکل پرسن کی ذمہ داریاں ڈپٹی ڈائریکٹر سافٹ ویئر کو سونپ دی گئی ہیں۔ جو فوکل پرسن نادرا کے ساتھ مل کر آر ٹی ایس کے حوالے سے تمام تر تبدیلیوں کو دیکھتا ہے۔

ذرائع کے مطابق فوکل پرسن کی تبدیلی کی وجہ سے ڈیٹا بیس اسپیشلسٹ کے اپر منیجمنٹ کے ساتھ اختلافات بھی ہو سکتے ہیں۔ نادرا نے 36 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے آر ٹی ایس کے حوالے سے تیاری مکمل کر لی ہے۔

عام انتخابات 2018 میں آر ٹی ایس سسٹم بیٹھنے کے باعث نادرا کو خفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انتخابات میں آر ٹی آیس کی ’ ناکامی ‘ کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی بنائی ہے۔

14 اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں پہلی بار 7410 بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو حق رائے دہی کا موقع ملے گا۔


متعلقہ خبریں