پاکستان ایسے دور میں ہے جہاں عمران سیاست کا محور ہیں، فواد


لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایسے دور میں ہے جہاں عمران خان سیاست کا محور ہے، لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں یا ان کے خلاف۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات  نے کہا عمران خان مڈل کلاس طبقے کے نمائندے ہیں اور وہ خود تبدیلی کا استعارہ ہیں۔ عمران خان فاسٹ باؤلر بنے، پھر شوکت خانم اسپتال بنایا اور پھر وزیر اعظم بنے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 1970 کے بھٹو کا انقلاب غریب عوام کا انقلاب تھا اب مڈل کلاس کا انقلاب آیا ہے اور سارا زور مڈل کلاس کو سہولیات دینے پر فوکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے آج پاکستان میں صفائی ستھرائی اور صاف پانی کی باتیں ہو رہی ہیں جب کہ کرپشن کرنا سب نے اپنا حق سمجھ لیا تھا لیکن عمران خان نے آکر اسے ختم کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لوگوں کی تحریک انصاف کی حکومت سے بہت زیادہ توقعات ہیں، تنقید ہوتی ہے کہ سادگی مہم کیوں شروع کی؟ 

انہوں نے کہا کہ مشرف کے دور میں چھ  ہزار کروڑ جب کہ زرداری کے دور میں 13 ہزار کروڑ روپے ملکی قرضہ رہا جب کہ نواز شریف نے جاتے ہوئے 28 ہزار کروڑ روپے قرضہ چھوڑا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ایک سارک کانفرنس کے لیے 98 کروڑ روپے کی گاڑیاں منگوائی گئیں جن پر 35 کروڑ روپے خرچہ آیا۔ آٹھ بھینسوں کو بیچ کر پیسا پورا نہیں ہونا-

فواد چودھری نے کہا 45 ارب روپے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) جب کہ پانچ سو 65 کروڑ روپے ریڈیو پاکستان کا خرچہ ہے اور پی ٹی وی کو تین ارب روپے دے رہے ہیں اور وہ 25 کروڑ روپے کما کر دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا سعودی عرب سی پیک سے فائدہ اٹھائے اور سرمایہ کاری کرے، ہم نے امریکہ اور دیگر ممالک کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔


متعلقہ خبریں