اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے تو بھارت دھمکیاں نہ دیتا، سمیع الحق


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ بھارت کی چال میں آکر ہم نے اپنی مغربی سرحد کو بھی غیر محفوظ بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جہاد اور دہشت گردی میں فرق کرنا ہے کیونکہ مسئلہ  کشمیر جہاد کے بغیر حل نہیں ہوسکتا۔

 ہم نیوز کے مطابق دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے لیکن اگر ہمارے حکمران اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے تو بھارت کو دھمکیاں دینے کی جرات نہ ہوتی۔

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ہم نے کلبھوشن کے مسئلے کو دبایا، اگر مسئلے کو نہ دباتے تو بھارتی آرمی چیف کی یہ ہمت نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ایسی پالیسی بنائے کے بھارت ہمیں دھمکیاں نہ دے سکے۔

سابقہ حکومتوں کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتوں نے جہاد کو دبانے کے لیے مساجد و مدارس کو نشانہ بنا کر دھشتگردی کی بدترین مثال قائم کی۔

پاکستانی وزیرخارجہ کے اقوام متحدہ میں خطاب کو انہوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ گستاخاکانہ خاکوں کے بارے میں اقوام متحدہ میں جو بات کی وہ بہت خوش آئیند ہے۔

جے یو آئی (س) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ میں تقریرسے پاکستانی عوام کا اصل مؤقف سامنے آیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ وزیر اعظم عمران خان کو مستقل طور پر حل کروانا چاہیے۔

مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ آج کی کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دفاع پاکستان کونسل موجودہ الیکشن میں فریق نہیں بنی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی مجموعی مسائل پر پوری قوم اختلافات کو بھلا کر متحد ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم لاپتہ افراد کو بازیاب کروائیں۔

دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ مولانا سمیع الحق اور عمران خان کے حکم پر یہاں آیا ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ آج کا اعلامیہ پوری قوم کی ترجمانی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندستان سامراجیت کے باوجود کشمیر میں ناکام ہوگیا یے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کشمیری کے جنازے کے بعد پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگتا ہے۔

وفاقی وزیربرائے مذہبی امورکا کہنا تھا کہ ان حالات میں بھارت کو اپنے مستقبل کی فکر لاحق ہے۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوم اوربڑی فوجی طاقت ہے، بھارت کو دندان شکن جواب ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہندوستان ہمیشہ مذاکرات سے بھاگا ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ تحفظ ناموس رسالت پر اس حکومت نے جو مؤقف اپنایا وہ کسی حکومت نے نہیں اپنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ کے گستاخانہ خاکوں پر حکومت نے بہترین کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قادیانی کو آئین پاکستان نے غیر مسلم قرار دیا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مدارس پر کچھ غلط فہمیاں نیکٹا کی طرف سے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان کبھی مدارس پر پابندی نہیں لگائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ دیرینہ افغان باشندوں کو ایثار کے تحت قومیت دی جائے۔

جماعت الدعوہ کے امیر حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پاکستان کی بقاء کا مسلئہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے آتے ہی اسلام دشمن لوگ بلوں سے باہر آکر حکومت کو گمراہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت مخلص ہے تو ختم نبوت کے مسلئے کو نہ چھیڑے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے قانون سازی کروانے کا وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

حافظ  محمد سعید کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھانے پر شاہ محمود قریشی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کی وجہ ہندوستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی پاکستان مخالف جذبات پر الیکشن جیتا تھا اور اب دوبارہ وہ اسی جذبے کو زندہ کر رہا ہے۔

جماعت الدعوہ کے امیر حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ بھارت پروپیگنڈے کی بنیاد پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ہندوستان، پاکستان پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف ووٹوں کے لیے بیان دے رہا ہے۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ ختم نبوت، توہین رسالت اور ہندوستان کے مسئلے پر پوری قوم متحد ہے۔

تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ اور مرحوم  ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل نے دعویٰ کیا کہ بھارت سی پیک کا منصوبہ ختم کرنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا اقوام متحدہ کی کشمیر پر رپورٹ آنے کے بعد ہندوستان کے قدم اکھڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  مغرب جنھیں دہشتگرد قرار دیتا ہے مشرق کے لوگ انہیں اپنا محبوب سمجھتے ہیں۔

عبداللہ گل نے خبردار کیا کہ ہندوستان کی پہلی بات کو گیدڑ بھبکی کہا جاسکتا ہے مگر دوبارہ وہی بات کرے تو معمولی نہ سمجھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سشما سوراج حاظر سروس کرنل کو بیٹا کہتی ہے جو پاکستان میں دہشتگردی کررہا تھا. انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کو پھانسی لگا کر خس کم جہاں پاک کر دینا چاہیے۔

عبداللہ گل کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس دہشتگردی کے راستے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت مل کر بتائیں کہ ہم متحد و منظم قوم ہیں۔

 انہوں نے استفسار کیا کہ ہم ابھی تک کیوں نہیں سمجھ پائے کشمیر ہمارا حصہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین جنگیں لڑچکے ہیں۔

دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما میاں محمد اسلم نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ آگ سے کھیلنا چھوڑ دے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مودی یاد رکھے کہ ہم نے ایٹم بم الماری میں سجانے کے لیے نہیں رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 
ایک تو بھارت کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رہا ہے اور پھر پاکستان جیسی ایٹمی طاقت کو دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔


متعلقہ خبریں